اے کمیل! اگر کسی نے تمہارے سامنے ہمارے کسی راز کو بیان کرکے تم سے اسے چھپانے کا مطالبہ کیا تو اسے کبھی فاش مت کرنا چونکہ اس گناہ کی توبہ بھی نہیں ہے اور اگر توبہ نہ ہو تو انسان کا مقدر جہنم کے بھڑکتے ہوئے شعلوں کے علاوہ کچھ اور نہیں ہوگا۔
قارئین کرام! جیسا کہ آپ حضرات نے ملاحظہ فرمایا اور یہ ایک تاریخی حقیقت بھی ہے کہ جناب کمیل(رض) حضرت علی علیہ السلام کے مخلص اور با وفا صحابی تھے جن کی وساطت سے آج بہت سی تعلیمات اور معارف علوی ہمارے پاس ہیں چنانچہ حضرت نے کمیل کو جو نصیحتیں فرمائی ان میں سے کچھ ہم اس کالم میں بیان کر رہے ہیں۔ نیز اسی سریز کے گذشہ مضمون کو پڑھنے کے لئے ان لنکس پر کلک کیا جاسکتا ہے!
جناب کمیل کو حضرت امیر(ع) کی نصیحتیں(1)
جناب کمیل کو حضرت امیر(ع) کی نصیحتیں(2)
اے کمیل! اللہ تعالٰی کی توحید،رسول اللہ(ص) کی نبوت اور ہماری ولایت کے بعد سب سے محبوب اطاعت و پیروی عفت،بردباری اور صبر ہے۔
اے کمیل! کسی دوسرے کے سامنے اپنی تنگدستی کا اظہار مت کرو، عزت نفس کی حفاظت اور پردہ پوشی کرتے ہوئے مشکلات پر صبر کا اظہار کرتے رہو۔
اے کمیل! اپنے راز کو اپنے بھائی سے بتانے میں کوئی مشکل نہیں،لیکن پہلے یہ سمجھ لو کہ بھائی کون ہوتا ہے؟ تمہارا حقیقی بھائی وہ ہے کہ جو سختیوں اور پریشانیوں میں تمہیں تنہا نہ چھوڑے،اور اگر کوئی دیت یا گھاٹا تمہاری گردن پر آجائے تو ضرورت کے وقت تمہارے بغیر مانگے کام آئے،تمہیں تمہارے حال پر نہ چھوڑے۔
اے کمیل! مؤمن دوسرے مؤمن کے لئے آئینہ کی مانند ہوتا ہے۔( کہ جس میں اپنے عیوب کی اصلاح کی جاتی ہے) تاکہ جب وہ اس کے وجود کی طرف دیکھے تو اپنی حالت سدھار لے۔
اے کمیل! مؤمنین ایک دوسرے کے بھائی ہیں لہذا انھیں کسی چیز کو بھی اپنے مؤمن بھائی پر ترجیح نہیں دینی چاہیئے۔
اے کمیل! اگر تم اپنے بھائی کو پسند نہیں کرتے تو گویا تم اس کے بھائی نہیں ہو چونکہ مؤمن تو وہ ہوتا ہے جو ہم کہتے ہیں اس پر عمل کرتا ہے اور جو شخص ہمارے قول کی مخالفت کرتا ہے وہ ہم سے دور ہو جاتا ہے اور جو ہم سے چھوٹ گیا وہ ہم تک نہیں پہونچ پائے گا اور جو ہمارے ساتھ نہ رہا وہ جہنم کے نچلے طبقوں میں ہوگا۔
اے کمیل! اگر کسی نے تمہارے سامنے ہمارے کسی راز کو بیان کرکے تم سے اسے چھپانے کا مطالبہ کیا تو اسے کبھی فاش مت کرنا چونکہ اس گناہ کی توبہ بھی نہیں ہے اور اگر توبہ نہ ہو تو انسان کا مقدر جہنم کے بھڑکتے ہوئے شعلوں کے علاوہ کچھ اور نہیں ہوگا۔
اے کمیل! آل محمد(ص) کے اسرار کو فاش کرنا ناقابل معافی جرم ہے لہذا جو بھی تمہیں کہا جائے تو تم مؤمن،امین اور راز دار کے علاوہ کسی سے بیان مت کرو۔
اے کمیل! مشکل وقت میں لاحول ولا قوۃ الا باللہ کہو تاکہ خدا اسے آسان کردے اور جب بھی نعمت پاؤ تو الحمد للہ کہو تاکہ اس میں برکت ہوجائے اور اگر تنگی رزق کی پریشانی ہے تو زیادہ استغفار کرو تاکہ خدا اس میں فراوانی عطا کردے۔
اے کمیل! ہماری ولایت و محبت کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کو شیطان کے جال سے بھی بچا کر رکھو۔
کوئی تبصرہ نہیں! سب سے پہلا تبصرہ کرنے والے بنیں۔